۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
شہید باقر الصدر فقط عراق ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہیں

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصودعلی ڈومکی نے 9  اپریل عالم اسلام کے مجاہد مبارز عالم دین اور عصر حاضر کے عظیم مفکر مصلح فیلسوف شہید آیہ اللہ سید محمد باقر الصدر کے 43 ویں برسی کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصودعلی ڈومکی نے 9 اپریل عالم اسلام کے مجاہد مبارز عالم دین اور عصر حاضر کے عظیم مفکر مصلح فیلسوف شہید آیہ اللہ سید محمد باقر الصدر کے 43 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ شہید باقر الصدر نابغہ عصر اور عظیم مفکر تھے جنہوں نے علم فلسفہ اور اقتصاد اسلامی پر معرکہ الآراء کتب تحریر کیں۔ آپ اسلامی حکومت کو بشری ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے انسانی صلاحیتوں کے ارتقاء کا واحد ذریعہ سمجھتے تھے۔ آپ نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کے زبردست حامی تھے۔ حضرت امام خمینی اور انقلاب اسلامی سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ نے فرمایا۔ امام خمینی کی ذات میں یوں فنا ہو جاو جیسے وہ اسلام میں فنا ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید باقر الصدر فقط عراق ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ظالم حاکم کے سامنے کلمہ حق ادا کرکے آپ نے افضل جہاد کیا جو آپ کی شہادت پر منتہی ہوا۔

آپ کی بہادر بہن سیدہ آمنہ بنت الھدی بھی اپنے بھائی کی جرأت، مجاہدت، علم اور تقوی کا عکس تھیں۔ آپ صدامی مظالم کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئیں۔

آپ نے بعث پارٹی کی ممبرشپ کو حرام قرار دینے کا تاریخی فتوی صادر کیا۔ شہید باقر الصدر نے اپنے پاکیزہ خون سے اپنی صداقت کی گواہی دی۔ باقر الصدر آج بھی زندہ ہیں۔ ان کے پاکیزہ افکار کروڑوں عاشقوں کی صورت میں زندہ و تابندہ ہیں۔ صدام مر چکا جبکہ باقر الصدر آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین عراق نے ہر دور میں ایسی مایہ ناز شخصیات کو جنم دیا ہے جو عالم انسانیت کا سرمایہ افتخار رہے ہیں۔ عراقی عوام اور امت مسلمہ پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ شہید سید باقر الصدر کے افکار اور تعلیمات کو زندہ رکھیں۔ اور عراق کی مقدس سر زمین کو امریکی استکبار اور طاغوت کے نجس وجود سے پاک کرتے ہوئے شہید باقر الصدر کے حکومت اسلامی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .